آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ جاری،بابر اعظم آٹھویں نمبر پر پہنچ گیا

انٹرنینشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق بابر اعظم دو درجے تنزلی کے بعد آٹھویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔

آئی سی سی کی جانب سے آج جاری ہونے والی رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن پہلی پوزیشن پر،انگلینڈ کے جو روٹ دوسرے اور آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم دو درجے تنزلی کے بعد آٹھویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔

سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز کے دوران محمد رضوان کی 88 رنز کی شاندار اننگز کے نتیجے میں وہ 10 درجے ترقی کر گئے اور مجموعی طور پر 668 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 17ویں نمبر پر آ گئے،دوسری جانب سعود شکیل 693 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 14ویں نمبر پر موجود ہیں۔

رینکنگ کے مطابق باولرز میں ٹاپ ٹین میں اور کوئی پاکستانی شامل نہیں ہے، شاہین آفریدی 733 پوائنٹس کے ساتھ 12ویں نمبر پر ہیں۔

عامر جمال نے اپنی پہلی سیریز میں نمایاں کارکردگی کی وجہ سے 12 درجے ترقی کی جہاں وہ 432 پوائنٹس کے ساتھ 45ویں نمبر پر آ گئے۔

باولرز کی فہرست میں بھارت کے روی چندر ایشون پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کے پیٹ کمنز اورجنوبی افریقہ کے کگیسو رباد ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔