جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سراروغہ سے گزشتہ روز اغوا ہونے والے ایس ایچ او احمد شاہ سمیت تمام سات پولیس اہلکاروں کو کالعدم تنظیم کی قید سے بخیریت رہا کرا لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے فوری بعد علاقے کے مقتدر قبائلی مشران نے مغوی اہلکاروں کی بحفاظت واپسی کے لیے کوششیں شروع کیں اور کالعدم تنظیم کے ساتھ مذاکرات کیے، جو کامیاب رہے۔
کامیاب مذاکراتی عمل کے بعد تمام مغوی اہلکار محفوظ طریقے سے پہنچ گئے ہیں۔مقامی مشران اور کالعدم تنظیم کے درمیان رہائی کے لیے طے پانے والی شرائط کی تفصیلات تاحال واضح نہیں ہوسکی ہیں۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب ایس ایچ او سراروغہ احمد شاہ بم ڈسپوزل سکواڈ کے ہمراہ تحصیل سراروغہ کے علاقے پڑتگی میں بارودی مواد ناکارہ بنانے گئے تھے۔
واپسی پر بنگے والا کے مقام پر سڑک پر ناکہ بندی کیے کھڑے مسلح افراد نے پولیس گاڑی کو روکا اور ایس ایچ او سمیت دو بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکاروں اور دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کو یرغمال بنا کر نامعلوم مقام کی طرف منتقل کر دیا تھا۔
واقعے کے بعد ضلعی پولیس آفیسر جنوبی وزیرستان اپر ارشد خان کی ہدایت پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر کے ناکہ بندیاں سخت کر دی تھیں جس کے ساتھ ہی متوازی طور پر قبائلی جرگے کے ذریعے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھایا گیا جس کے نتیجے میں یہ کامیابی حاصل ہوئی۔









