جنوبی وزیرستان: تحصیل برمل میں ایک اور سرکاری اسکول بارود سے تباہ

ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میں بدامنی کا ایک اور سنگین واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ایک اور سرکاری اسکول کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔

ذرائع کے مطابق تحصیل برمل کے علاقے سرہ غاڑہ میں گزشتہ شام نامعلوم شرپسندوں نے مرحوم ملک شیرین جان دری خیل کے نام سے منسوب گورنمنٹ پرائمری اسکول کو دھماکہ خیز مواد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اسکول کی عمارت مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن گئی۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاندان اور املاک پر یہ دوسرا بڑا حملہ ہے۔ اس سے دس روز پہلے بھی اسی علاقے میں مرحوم ملک شیرین جان کے ایک ٹیوب ویل اور سولر پاور سسٹم کو بارودی مواد سے تباہ کیا گیا تھا۔

واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی جبکہ مقامی انتظامیہ یا حکام کی جانب سے بھی اب تک کوئی باضابطہ موقف سامنے نہیں آیا۔