خیبر پختونخوا میں پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافے اور شدید گرم موسم کی وجہ سے گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے اچانک پھٹنے اور سیلابی صورتحال (جیلوف) پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ہنگامی اقدامات کے تحت اپر و لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق حساس گلیشیائی علاقوں میں مسلسل نگرانی اور ممکنہ خطرات کا بروقت جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔
اس سلسلے میں ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر امدادی اداروں کو ہنگامی مشینری، ضروری سامان اور عملہ ہر وقت تیار رکھنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کی جا سکیں۔
دوسری جانب مقامی انتظامیہ نے بالائی علاقوں کے رہائشیوں اور وہاں موجود سیاحوں کو بدلتی ہوئی موسمی صورتحال پر نظر رکھنے، ندی نالوں کے قریب غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔











