آتش محسود
جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل لدھا کے علاقے تنگی بدین زئی میں محسود قبیلے کی ذیلی شاخ بدین زئی کا ایک اہم قومی جرگہ منعقد ہوا جس میں 22 سال سے التوا کا شکار 10 کلومیٹر طویل بازے ٹو تنگی بدین زئی روڈ منصوبے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے 27 جون 2026 کو وانا مکین روڈ بلاک کرنے اور بڑے احتجاجی مظاہرے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
جرگے میں علاقے کے عمائدین، مشران اور مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور سڑک کی عدم تکمیل کو عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی قرار دیا۔
جرگے کے شرکاء نے سڑک کی تعمیر میں تاخیر پر ٹھیکیداروں اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیوکو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹھیکیدار عوامی مسائل سے بالکل لاتعلق ہو چکے ہیں۔
تنگی بدین قوم کے مشران کا کہنا تھا کہ عرصہ دراز سے سڑک کی تعمیر کے لیے بار بار مطالبات کیے گئے لیکن حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی، اسی لیے اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ کسی بھی ٹھیکیدار کو مقامی لوگوں کی ضمانت اور مؤثر نگرانی کے بغیر ترقیاتی کام نہیں دیا جائے گا۔
جرگے کے فیصلے کے مطابق 27 جون کو بازے کے مقام پر مکین ٹو وانا مین روڈ پر احتجاج کیا جائے گا اور اس دوران سڑک پر موجود مٹی، بجری اور دیگر عارضی میٹریل کو خود ہٹا کر راستہ بحال کیا جائے گا تاکہ گاڑیوں کا نقصان اور عوامی مشکلات کم ہو سکیں۔
دوسری جانب محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے ایکسین زاہد محمود بیٹنی نے اس حوالے سے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ منصوبہ اصل میں 2004 میں منظور ہوا تھا لیکن علاقے کے سیکیورٹی حالات اور آپریشن راہِ نجات کی وجہ سے کام بری طرح متاثر ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ سال 2019 میں اس منصوبے کو دوبارہ بحال کیا گیا تھا اور ٹھیکیداروں کا انتخاب بھی مقامی لوگوں کی مشاورت سے ہی ہوا تھا، تاہم سڑک کی تعمیر میں تاخیر کی وجوہات میں کچھ مقامی عوامل بھی شامل رہے ہیں۔









