جنوبی وزیرستان،ایس ایچ او سمیت 7 پولیس اہلکار اغوا

جنوبی وزیرستان اپر کے تھانہ سراروغہ کے ایس ایچ او احمد شاہ سمیت 7 پولیس اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے۔

ڈی پی او جنوبی وزیرستان اپر نے واقعے کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ سراروغہ کے علاقے بنگے والا میں پیش آیا جہاں مسلح نامعلوم افراد نے ایس ایچ او اور ان کے ہمراہ موجود 6 پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنایا اور اپنے ساتھ نامعلوم مقام کی طرف لے گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری بنگے والا اور اردگرد کے علاقوں میں پہنچ چکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پورے علاقے کی سخت ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور مغوی ایس ایچ او اور 6 اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

متبادل راستوں پر بھی سخت تلاشی کا عمل جاری ہے تاکہ ملزمان کو علاقے سے فرار ہونے سے روکا جا سکے۔