جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل لدھا میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں ساٹھ سالہ کشید خان ولد ماتیا خان قوم محسود لنگر خیل موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کے اکیس سالہ بیٹے عمیر خان اور انہتر سالہ بھائی جمروز ولد ماتیا خان محسود شدید زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او ارشد خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او لدھا، پولیس کی نفری اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق شخص کی میت اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لدھا منتقل کیا۔ بعد ازاں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان ریفر کر دیا گیا۔
ڈی پی او کے مطابق جاں بحق شخص کشید خان کے اہلِ خانہ کراچی میں مقیم ہیں، لہٰذا قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان کی میت تدفین کے لیے کراچی روانہ کر دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والی متاثرہ گاڑی کو بھی تحویل میں لے کر متعلقہ پولیس تھانے منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ شواہد کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جا سکے۔ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے پولیس متحرک ہے۔
ڈی پی او ارشد خان نے یقین دہانی کرائی کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث افراد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان کا تعلق پدھا سے ہے تاہم وہ عرصہ دراز سے کراچی میں رہائش پذیر تھا اور اپنے آبائی علاقے میں گھر دیکھنے آیا تھا تاکہ بعد ازاں اپنے اہلِ خانہ سمیت یہاں منتقل ہو سکے۔









