پی ایس ایل میں فاسٹ بولرز کے لیے مقابلہ سخت ہوتا جارہا ہے،محمد وسیم جونیئر

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر وسیم جونیئر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں فاسٹ بولرز کے لیے مقابلہ سخت ہوتا جارہا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محمد وسیم نے کہا کہ ہر ٹیم میں تین سے چار فاسٹ بولرز ہیں سب ہی پرفارم کررہے ہیں، کچھ فاسٹ بولر انجری سے ری کور ہوئے ہیں وہ بھی مقابلے میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سازگار پچز نہ ہونے کے باوجود فاسٹ بولرز محنت کررہے ہیں اور مقابلہ سخت سے سخت ہوتا جارہا ہے، ایسی پچز میں اچھی بولنگ کرنا فاسٹ بولرز کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں ہوتا۔

محمد وسیم کا کہنا تھا کہ میں بیٹنگ کی بھی پریکٹس کررہا ہوں لیکن قسمت ساتھ نہیں دے رہی، ایک دو بار بیٹنگ کا موقع ملا ہارڈ ہٹنگ کی کوشش کی لیکن زیادہ کامیابی نہیں ملی.

انہوں نے کہاکہ آگے ورلڈ کپ ہے اس لیے ہر فاسٹ بولر کی کوشش ہے کہ وہ پی ایس ایل میں اچھی بولنگ کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ روٹیشن پالیسی ہونی چاہیے، فاسٹ بولر کو ریسٹ ملتا ہے تو اس کے لیے فائدہ ہے.