ایزی پیسہ سروسز میں تعطل، صارفین کو مشکلات کا سامنا

پاکستان کے بڑے مائیکرو فنانس اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے پلیٹ فارم ایزی پیسہ کا سسٹم تکنیکی خرابی کا شکار ہو گیا ہے، جس کے باعث ملک بھر میں متعدد صارفین کو آن لائن ٹرانزیکشنز اور موبائل ایپ کے استعمال میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

کمپنی کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک وضاحتی بیان میں اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ نیٹ ورک میں آنے والے اس وقتی خلل کی وجہ سے کچھ صارفین کو اپنے اکاؤنٹس تک رسائی اور رقوم بھیجنے یا منگوانے میں پریشانی ہو رہی ہے۔ تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ خرابی تمام صارفین کو متاثر نہیں کر رہی اور کچھ حصوں میں سروسز کام کر رہی ہیں۔

ایزی پیسہ انتظامیہ نے اس اچانک پیدا ہونے والی صورتحال پر اپنے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے آئی ٹی ماہرین اور تکنیکی ٹیمیں اس فالٹ کو دور کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہیں۔

کمپنی نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کا سرمایہ اور ڈیٹا مکمل محفوظ ہے اور جیسے ہی یہ سسٹم اپ گریڈ یا درست ہوگا، تمام مالیاتی خدمات مکمل طور پر بحال کر دی جائیں گی۔

دوسری طرف، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صارفین کی ایک بڑی تعداد ایپ ڈاؤن ہونے اور فنڈز ٹرانسفر نہ ہونے کی شکایات کر رہی ہے۔

مالیاتی امور کے ماہرین کے مطابق ڈیجیٹل اور برانچ لیس بینکنگ سسٹمز پر لوڈ بڑھنے یا سسٹم اپڈیٹ کے دوران ایسی عارضی تکنیکی خرابیاں آ جاتی ہیں، جنہیں جلد قابو کر لیا جاتا ہے۔

کمپنی نے اپنے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ سروسز کی بحالی تک صبر کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی اپڈیٹ کے لیے صرف آفیشل پیجز سے رجوع کریں۔