باجوڑ: راغگان ڈیم نے ایک اور معصوم زندگی نگل لی

وحید اللہ
ضلع باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے مشہور سیاحتی مقام راغگان ڈیم (چرگوڑئی) میں 12 سالہ بچہ ڈوبنے سے جاں بحق ہو گیا۔

بچے کی شناخت فرحان اللہ ولد مجید اللہ کے نام سے ہوئی ہے جو مرگی کے مرض میں مبتلا تھا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق بچہ مرگی کی بیماری کی وجہ سے گھر سے اچانک نکل گیا تھا اور اہل خانہ کو اس کے جانے کا علم نہیں تھا۔ کافی تلاش کے بعد بھی جب بچہ گھر نہ پہنچا تو گھر والوں نے ڈیم کے قریب اس کی موجودگی کا شک ظاہر کیا اور اسی شک کی بنیاد پر ریسکیوکو مدد کے لیے کال کی گئی۔

ریسکیو ٹیم نے ڈیم کے اسی حصے میں لواحقین کے شک کے مطابق سرچ اینڈ ریسکیو، لائن سرچ اور ڈائیونگ آپریشن شروع کیا اور انتھک محنت کے بعد بچے کی جسدِ خاکی کو پانی سے باہر نکال لیا۔

ریسکیو حکام نے بچے کو فوری طور پر بنیادی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کیا تاہم ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بچے کی موت کی باقاعدہ تصدیق کر دی۔