دوستو آپ چاہے پاکستان میں ہیں یا پاکستان سے باہر خصوصی طور پر گلف ممالک میں ہیں، آپ کوالیفائیڈ ہیں، ڈگری ہولڈر ہیں اور جاب کی تلاش میں ہیں، لیکن نوکری آپ کو نہیں مل رہی، تو سوچیں کون سی غلطیاں آپ سے سرزد ہو رہی ہیں جن کی وجہ سے آپ شارٹ لسٹ نہیں ہو رہے؟ یا آپ کی سی وی ردی کی نذر ہو رہی ہے؟
سی وی یعنی شخصی پروفائل
کسی بھی جاب کے لئے شارٹ لسٹ نہ ہونے کی سب سے بڑی وجہ آپ کی سی وی بھی ہو سکتی ہے۔ سی وی بنانا ایک فن ہے اور ایک دو صفحوں پر مشتمل سی وی پروفائل میں تمام تجربے و تعلیمی ریکارڈ سمو دینا پہلی کامیابی ہے۔ سی وی بناتے وقت خیال رکھیں معلومات آپ اپنے بارے میں لکھیں۔ میٹرک سے لے کر ڈگری تک تمام تعلیمی ریکارڈ مختصر حساب میں پہلے سطور میں لکھیں۔ سی وی کا فارمیٹ آن لائن دیکھ لیں اسی کے مطابق نام۔ تصویر، موجودہ ایکٹیو فون نمبر اگر آپ پاکستان میں ہیں تو وہاں کا نمبر اور اگر آپ امارات میں ہیں تو یہاں کا نمبر لازم دینا ہوتا ہے۔ اپنا تجربہ موجودہ سے آخر تک لکھیں۔ اس میں کورسز و مختلف ٹریننگز کا ذکر کریں۔ کمپیوٹر کے بارے میں کوئی کورس کیا ہو اس کا ذکر لازم کریں۔ مختلف سرٹیفکیٹس لازم لکھیں۔ دو صفحات میں تمام معلومات لکھ کر ختم کریں۔ لمبی چوڑی تمہید باندھنے و غیر ضروری معلومات لکھنے سے سامنے والا بور ہوجاتا ہے اور سی وی کو ردی میں پھینک دیتا ہے۔ یا ای میل ڈیلیٹ کر دیتا ہے۔ سی وی کو پی ڈی ایف یا ورڈ میں سیو کریں۔
کور لیٹر یعنی تعارفی خط
ہر سی وی کے ساتھ کسی بھی نوکری کے لئے ایک کور لیٹر لازم لکھیں۔ اس میں یہ لکھیں کہ آپ نے جس پوسٹ کے لئے اپلائی کیا ہے اس کے لئے آپ سے بہتر کوئی نہیں۔ اور جس جاب کے لئے اپلائی کی ہے اس کے لئے آپ کا تجربہ پورا ہے۔ لہاذا کمپنی سے درخواست کریں کہ آپ کو انٹرویو کے لئے لازماً بلائیں اور ایک چانس دیں۔ انگریزی میں چیٹ جی پی ٹی سے ہر کسی جاب کے کیے کور لیٹر لکھا جا سکتا ہے۔
نوکری کے لئے اپلائی کرنے کا وقت
نوکری کے لئے اپلائی کرتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ آپ جس وقت ای میل یا اپلائی کر رہے ہیں وہ دفتری وقت ہے بھی یا نہیں؟ اگر آپ رات کو اپلائی کرتے ہیں، آپ دفتری اوقات کے علاوہ اپلائی کرتے ہیں تو سامنے والا یا وہ کمپنی آپ کو غیر ذمہ دار، غیر موزوں شمار کرتی ہے۔ آپ کو فوراً اس پوسٹ کے لئے رد کر دیتے ہیں۔ کہ ایک بندے کو یہ معلوم نہیں کہ کس وقت اپلائی کرنا ہے تو وہ کل کو کمپنی خاک چلائے گا۔
سوشل میڈیا پروفائلز
آج کل چونکہ سوشل میڈیا کا دور ہے آپ جب کسی بھی نوکری کے لئے اپلائی کرتے ہیں تو اسی ای میل سے لنک آپ کے تمام اکاؤنٹس کمپنی کو نظر آ جاتے ہیں۔ وہ دیکھ لیتے ہیں کہ ایک جاب کے لئے اپلائی کرنے والی کی ذاتی زندگی کیسی ہے وہ کتنا سوشل ہے اور وہ کمپنی کو کتنا فائدہ یا نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اسی لئے اپنے سوشل میڈیا پروفائلز صاف ستھرے پروفیشنل رکھیں۔ مختلف جاب سرچ انجنیز پر پروفائل بنائیں۔ اور خصوصی طور پر لنکڈ ان کا پروفائل بنا کر سی وی پر موجود تمام نکات کو تفصیل سے وہاں لکھیں۔ اپنے فیلڈ سے متعلق تمام کمپنیوں کے پروفائلز سے کنیکٹ ہو جائیں۔ فیلڈ سے متعلق مختلف لوگوں سے رابطے بڑھائیں ان کے نمبرز اور ای میل حاصل کریں اور ان کو درخواست پروفیشنل انداز میں میسج کریں کہ آپ کی کمپنی میں جو جاب آفر ہے اس کے لئے آپ بالکل موزوں ہیں اور ان کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔ دنیا اب بہت بدل چکی ہے مقابلہ تیز ہے۔ جو پرفیکٹ ہو گا وہی جیے گا۔ اس لئے خود کو ہر طرح سے لیس کریں۔ مختلف جاب سرچ انجنز پر پروفائل بنائیں۔ نوکری گلف، بیت، انڈیڈ پر پروفائل بنائیں۔
انٹرویو
انٹرویو کے دن خوبصورت سوٹیڈ بوٹیڈ انداز میں داڑھی وغیرہ بنا کر پیش ہوں۔ پولائٹ اور پروفیشنل انداز میں پیش آئیں۔ خوب تیاری کر کے جائیں۔ مختلف سرچ انجنز سے انٹرویوز کی ویڈیوز اور معلومات لیں، سوالوں کے جوابات دیکھیں۔ تنخواہ کتنی لیں گے؟ کمپنی کے اندر کیا اچھا کر سکتے ہیں؟ اس جیسے سوالوں کے لیے گوگل کا سہارا لیں، چیٹ جی پی ٹی سے مدد لیں۔ انشاء اللہ آپ کو ان باتوں و لوازمات سے کافی بہتری محسوس ہوگی۔
نوٹ:یہ تحریر پہلے ہم سب پر شائع ہوچکی ہے.