جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل واناکے علاقے کریکوٹ میں توجئے خیل قبیلے کے چیف ملک جمیل پر مسلح افراد کے حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں.
مقامی ذرائع کے مطابق جب کڑیکوٹ بازار میں ملک جمیل کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تو انہوں نےحملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کر دی جس کے باعث حملہ آور پسپا ہو کر موقع سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
جوابی کارروائی کے دوران حملہ آور بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اپنا ایک موٹر سائیکل اور کچھ اسلحہ بھی جائے وقوعہ پر ہی چھوڑ گئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حملے کے بعد دونوں طرف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور علاقے میں کافی دیر تک وقفے وقفے سے گولیوں کی آوازیں گونجتی رہیں۔ اس دوران فضا میں کواڈ کاپٹرز (ڈورنز) کو بھی پرواز کرتے دیکھا گیا تاہم اب تک واقعے میں کسی جانی نقصان کی باقاعدہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد توجی خیل قبیلے کےلوگ روایتی چیغہ پر لبیک کہتے ہوئے ملک جمیل کی مدد کیلئےکثیر تعداد میں جمع ہو گئے۔
یاد رہے کہ یہ ملک جمیل کے خاندان پر پہلا حملہ نہیں ہے، رواں ماہ کی 5 تاریخ کو نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ان کے دو بیٹے جاں بحق ہو گئے تھےجبکہ گزشتہ سال ان کی گاڑی پر بم حملے میں ملک جمیل زخمی جبکہ ان کے جواں سال بیٹے جاں بحق ہوگئے تھے۔









