پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کےمختلف اضلاع میں کل سے 13 جون کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
اس سلسلے میں تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پیشگوئی کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہےجبکہ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی آندھی اور بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ، جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان کے ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
اس کے علاوہ پشاور، مردان اور نوشہرہ جیسے میدانی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کا نظام فوری درست کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، جس کے پیشِ نظر کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات، ریسکیو ٹیموں کی تیاری اور وسائل کی دستیابی یقینی بنانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور سیاحوں کو موسمی صورتحال سے آگاہ رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے روکنے کی تاکید کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔









