تحریک انصاف نے سابق وزیر اعلی محمود خان سمیت 25 ارکان کی رکنیت ختم کردی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نے سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سمیت 25 ارکان کی رکنیت ختم کرکے انہیں پارٹی سے نکال ديا۔

سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی نئی جماعت پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز میں شمولیت پر مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے 25 ارکان کی رکنیت منسوخی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعلیٰ محمود خان، ظہور شاکر، ولسن وزیر، ضیاء اللہ بنگش، شاہ فیصل، رکن قومی اسمبلی شوکت علی، شیر اکبر، سید غازی غزن جمال، سید اقبال میاں، اشتیاق ارمڑ، صالح محمد، ندیم خیال، مفتی عبیداللہ، اغاز اکرام اللہ، احمد حسین شاہ، احتشام جاوید اختر، ابراہیم خٹک، محب اللہ خان، محمد دیدار، اقبال وزیر، محمد یعقوب شیخ، شفیق افریدی، احمد حسین شاہ اور شیر اختر کی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں پارٹی پوزیشن اور نام استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے سابق منتخب ارکان اسمبلی کو پارٹی چھوڑنے کیلئے اکسانے اور شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کرکے انہیں پارٹی سے نکال دیا تھا۔

بعد ازاں صوبہ خیبر پختونخوا میں نئی جماعت تحریک انصاف پارلیمنٹیرینزکا قیام عمل میں آیا اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کو پارٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا۔

پارٹی اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ جماعت میں سابق وزیراعلیٰ کے پی محمودخان، سابق وزرا اور درجنوں ارکان شامل ہوئے ہیں جبکہ نئی پارٹی میں گزشتہ حکومت سے وابستہ 57 سے زائد اراکین اسمبلی شامل ہیں اور مزید شمولیتوں کا سلسلہ جاری ہے۔