جنوبی وزیرستان،شوال میں گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے شہری جاں بحق، خاتون زخمی

جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل شوال کے علاقے لواڑہ پنگئی میں ایک گھر پر مارٹر گولہ گرنے کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور ایک خاتون شدید زخمی ہو گئیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت نواز اسلم بندخیل کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے فوری بعد زخمی خاتون کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس سانحے پر علاقہ مکینوں میں شدید تشویش اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ حقائق سامنے آسکیں اور ذمہ داروں کا تعین قانون کے مطابق کیا جا سکے۔

دریں اثناء، سیاسی رہنما اور سابق امیدوار برائے قومی و صوبائی اسمبلی سعید انور محسود نے بھی واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر اس واقعے میں کسی بھی فریق کی غفلت یا کارروائی شامل ہے تو اس کی فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔