باجوڑ،نامعلوم افراد نے سرکاری پرائمری سکول کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردیا

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل واڑہ ماموند میں نامعلوم افراد نے سرکاری پرائمری سکول کو بارودی مواد سے تباہ کر دیا۔

مقامی پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً تین بجے کے قریب لوئی خرکی کے علاقے میں پیش آیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد نے سکول کی عمارت بارودی مواد نصب کر رکھا تھا۔ دھماکے کے نتیجے میں عمارت کے تین کمروں کو شدید نقصان پہنچا۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ چونکہ دھماکہ رات کی تاریکی میں ہوا اس لیے خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں حالیہ کچھ عرصے کے دوران تعلیمی اداروں، بالخصوص سکولوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔