کرم:جائیداد کے تنازع پر فائرنگ سے دو بھائی جاں بحق، صدمے سے تیسرا شخص بھی چل بسا

ضلع کرم کی تحصیل اپر کرم کے علاقے ڈال میں جائیداد کے تنازع پر چچازاد بھائیوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دو سگے بھائی جاں بحق ہو گئے جبکہ حادثے کے شدید صدمے سے ایک اور شخص دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ معمولی تکرار کے بعد پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت اصغر حسین اور ان کے سگے بھائی اسد علی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد دونوں بھائیوں کی لاشیں دیکھ کر کمال حسین نامی شخص شدید صدمے کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی تینوں افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال پاراچنار منتقل کیا گیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد مقتولین کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔