سوات: کبل پولیس اسٹیشن پر خودکش دھماکا، 5 اہلکاروں سمیت 9 شہید، متعدد زخمی

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں کبل پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ پر ہونے والے ایک خودکش دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں اور 4 شہریوں سمیت 9 افراد شہید جبکہ متعدد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کبل چوک میں علاقے کے امن کے لیے ‘سوات امن پاسون’ کے نام سے ایک بڑا مظاہرہ جاری تھا اور تھانے کے اطراف شہریوں کا شدید رش موجود تھا۔ اسی دوران خودکش حملہ آور نے پولیس کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

آر پی او ملاکنڈ ڈویژن سید فدا حسن شاہ اور پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ ڈیوٹی پر موجود پولیس جوانوں نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کو کمپاؤنڈ کے اندر داخل ہونے سے روک دیا، جس پر دہشت گرد نے خود کو مین گیٹ پر ہی دھماکے سے اڑا دیا۔

دھماکے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں اور سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو پاس کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ جس پولیس کمپاؤنڈ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی وہاں کبل پولیس اسٹیشن کے علاوہ سی ٹی ڈی تھانہ، پولیس لائنز کبل اور سہولت مرکز بھی واقع ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔