شمالی وزیرستان میں پولیس اے ایس آئی اور مقامی سیاسی رہنما کی ٹارگٹ کلنگ

شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کے دو مختلف واقعات میں پولیس اے ایس آئی اور مقامی سیاسی رہنماء جاں بحق ہوگئے۔

دونوں واقعات گذشتہ روز(منگل کو) پیش آئے تھے۔

مقامی زرائع کے مطابق میرانشاہ میں جمعیت علماء اسلام کے ضلعی فنانس سیکرٹری نوراسلام نظامی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقعے کے بعد نوراسلام نظامی کی لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال میرانشاہ متنقل کیا گیا اور پولیس نے ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی۔

ٹارگٹ کلنگ کا دوسرا واقعہ شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں پیش آیا جہاں نامعلوم ا فراد کی فائرنگ سے ملک سمیع اللہ نامی پولیس اسسٹنٹ سب انسپکٹر جاں بحق ہوگئے۔

واقعہ کے بعد مقتول کی لاش میرعلی ہسپتال منتقل کردی گئی جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کیا گیا۔

پولیس نے دونوں واقعات کی رپورٹ درج کرتے ہوئے ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

شمالی وزیرستان سے ممبر قومی اسمبلی مولانا مصباح الحق اور سابق ممبر قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ مومنٹ کے رہنما علی وزیر سمیت متعد سیاسی و سماجی شخصیات نے شمالی وزیرستان میں پیش آنے والے واقعات کی مذمت کی ہے۔