جنوبی وزیرستان لوئر:گھر کے اندر دھماکہ، 3 بچے جاں بحق اور 2 زخمی

جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا کے علاقے غوا خواہ میں ایک گھر کے اندر ہونے والے زوردار دھماکے کے نتیجے میں تین بچے جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ مقامی شہری صدام حسین ولد شاہ حسین کے گھر میں ہوا۔

ابتدائی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ زندان نامی ایک شخص نے مذکورہ گھر میں موٹر سائیکل کھڑی کی تھی جو زوردار دھماکے سے تباہ ہوگئی۔

دھماکے کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے۔

دھماکے کی آواز اتنی شدید تھی کہ اس نے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا جبکہ گھر کی دیواروں کو بھی نقصان پہنچا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور لاشوں و زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی بچوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے تاہم ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت اور اس کے پیچھے محرکات کا تعین کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں