ہنگو: پولیس چیک پوسٹ پر مسلح افراد کا حملہ،2 ڈی ایس پیز سمیت 4اہلکار زخمی

ضلع ہنگو کے علاقے خزینہ بانڈہ میں پولیس چیک پوسٹ پر مسلح افراد کے حملے اور امداد کے لیے جانے والی پولیس گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 ڈی ایس پیز سمیت 4 اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر اچانک حملہ کیا جس کے بعد پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ شروع ہو گیا۔

اطلاع ملتے ہی جب پولیس کی اضافی نفری مدد کے لیے روانہ کی گئی تو مسلح افراد نے راستے میں ان کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے اس تبادلے میں 2 ڈی ایس پیز—ڈی ایس پی دیار خان اور ڈی ایس پی مجاہد حسین—اور 2 پولیس جوان زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈی پی او ہنگو طارق حبیب کی زیرنگرانی پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے۔پولیس نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر سرچ آپریشن مزید سخت کر دیا ہے تاکہ باقی ماندہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔