ایلون مسک کا ٹوئٹرمیں ویڈیو اور آڈیو کالز کے فیچرز شامل کرنے کا اعلان

ٹوئٹر کےسربراہ ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ وہ ٹوئٹر میں ویڈیو اور آڈیو کالز کے فیچرز شامل کریں گے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایلون مسک نے نئی خبر دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’بہت جلد اس پلیٹ فارم سے آپ کے ہینڈل سے کسی کو بھی وائس اور ویڈیو چیٹ ہو سکے گی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’فون نمبر دیے بغیر دنیا میں کہیں بھی آپ لوگوں سے بات کر سکیں گے۔

ایک کمنٹ میں انہوں نے کہا کہ ’میٹا کی جانب سے چلائی جانے والی میسجنگ سروس واٹس ایپ پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا،ٹوئٹر کا میسجنگ فیچر، مسینجر، سگنل، ٹیلی گرام اور واٹس ایپ جیسی مفت سروسز کا مقابلہ کرے گا۔

ایلون مسک نے مزید کہا کہ بدھ سے ٹوئٹر ڈائریکٹ مسیجز کو انکرپٹ کرنا شروع کر دے گا۔

گزشتہ برس 44 بلین ڈالر میں ٹوئٹر خریدنے کے بعد مسک نے ٹوئٹر میں تبدیلیاں متعارف کی ہیں۔حال ہی میں انہوں نے تمام اکاؤنٹس سے مفت بلیو ٹِک واپس لے لیے تھے۔

اسی طرح انہوں نے مزید نئے احکامات جاری کیے ہیں کہ کئی سالوں سے غیر فعال رہنے والے اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کر دیا جائے گا جس سے فالوورز کی تعداد میں کمی ہو سکتی ہے۔

ایلون مسک نے اعلان کیا کہ ’ہم ان اکاؤنٹس کا صفایا کر رہے ہیں جن پر کئی سالوں سے کوئی ایکٹویٹی نہیں نظر آئی، اس لیے آپ کے فالوورز کی تعداد ممکنہ طور پر کم ہو سکتی ہے۔