جنوبی وزیرستان اپر میں ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ، شہریوں کےلیے نئی ہدایات جاری

ضلعی انتظامیہ جنوبی وزیرستان (اپر) نے مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات، عوامی تحفظ اور سیکیورٹی فورسز و پولیس تنصیبات کی حفاظت کے پیشِ نظر ضلع بھر میں 30 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق تمام شہریوں کے لیے نئے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی سیکیورٹی فورس یا پولیس چیک پوسٹ کے قریب پہنچنے پر اپنی گاڑی کم از کم 200 میٹر پہلے روک کر محفوظ مقام پر کھڑی کی جائے اور سیکیورٹی اہلکاروں کی واضح اجازت کے بغیر گاڑی کو آگے بڑھانے یا چیک پوسٹ عبور کرنے سے گریز کیا جائے۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے قافلے کی آمد و رفت کے وقت تمام گاڑیوں کو سڑک کے کنارے یا محفوظ مقام پر روکنا، ڈرائیور اور سواریوں کا گاڑی سے نیچے اترنا اور قافلے کے مکمل گزرنے تک انتظار کرنا لازمی ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس اسٹیشنز، چیک پوسٹس اور سیکیورٹی فورسز کی تنصیبات کے 200 میٹر کے دائرے میں سویلین گاڑیوں کی نقل و حرکت، پارکنگ اور عام موجودگی پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔