جنوبی وزیرستان،مدرسے پر مبینہ کواڈ کاپٹر حملے میں عالم دین جاں بحق ، دو افراد زخمی

جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا کے گاؤں لنڈی ڈوگ میں مولوی عبدالصمد فقیر کے مدرسے کو مبینہ طور پر کواڈ کاپٹر ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

حملے کے نتیجے میں مدرسے میں موجود عالم دین اور مولوی عبدالصمد کے فرزند، مولوی امان اللہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دیگر دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔

دھماکے کی آواز سنتے ہی مقامی لوگ بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پرہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) جنوبی وزیرستان لوئر نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

جاری بیان جے یو آئی کی جانب مولانا امان اللہ کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔