پنجاب میں الیکشن 30 اپریل کو ہونگے، صدر عارف علوی نے منظوری دیدی

صدر مملکت عارف علوی نے پنجاب کے انتخابات کے لیے 30 اپریل کی تاریخ کی منظوری دیدی.

ٹویٹر پر صدر پاکستان کے آفیشل اکاونٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت نے الیکشن کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ تاریخوں پر غور کرنے کے بعد کیا۔

قبل ازیں آج ہی کے روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس کےبعد الیکشن کمیشن نے صدر مملکت اور گورنر خیبرپختونخوا کو مراسلے تحریر کیے ہیں۔

الیکشن کمیشن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ آ ف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں صدر مملکت کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں صوبہ پنجاب کے انتخابات کے انعقاد کے لئے مورخہ 30اپریل سے 7مئی 2023 تک کی تاریخیں تجویز کی ہیں ۔

الیکشن کمیشن نے گورنر خیبرپختونخوا غلام علی کو بھی مراسلہ تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ صوبے میں الیکشن کے حوالے سے آپ کے جواب کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل صدر مملکت نے دونوں اسمبلیوں میں الیکشن کے لیے 9 اپریل کی تاریخ دی تھی،بعد ازاں سپریم کورٹ نے معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے اپنے فیصلے میں 90 دنوں میں دونوں صوبوں میں انتخابات کا حکم دیدیا۔