لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کے عمران خان پر بہت احسانات ہیں، احسان فراموشی نہ کی جائے۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰٗہی کا کہنا تھا جب عمران خان جنرل باجوہ کے خلاف بات کر رہے تھے تو مجھے بہت برا لگا۔
ان کا کہنا تھا جنرل باجوہ ہمارے محسن ہیں، محسنوں کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے، جنرل باجوہ کے ان پر بہت احسانات ہیں، احسان فراموشی نہ کی جائے،اب اگر کوئی بات کی گئی تو سب سے پہلے میں بولوں گا اور میری ساری پارٹی بولے گی۔
چوہدری پرویزالہٰی نے عمران خان کے محسن اور دوست جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید نے بہت زیادتیاں کیں، ہمیں اندر کرنے کی کوشش کی، وہ ہمارے خلاف تھے،
انہوں نے کہا کہ عمران خان تو مونس الٰہی کو ساتھ بھی نہیں بٹھاتے تھے، اس کے باوجود ہم نے عمران خان کا ساتھ دیا، جب عمران خان نےکہا اسمبلی توڑ دو تو ہم نے فوراً حامی بھرلی۔