(خادم حسین آفریدی)
خیبرپختونخوا کےضلع خیبر میں حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں مکان گرنے کے واقعے میں ایک خاندان کے 3 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔
تحصیل باڑہ میں آکاخیل شین درنگ اباسین سکول کے قریب عبدالرازق نامی شخص کے گھر کا چھت گرنے سے 10 افراد ملبے تلے دب گئےجن میں 6 بچے اور 4 خواتین شامل تھیں۔
ریسکیو ٹیموں نے ملبے تلے دبنے والے افراد کو نکال کر فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں پر دو خواتین سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ سات افراد زخمی ہیں جن کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ایک اور واقعہ قبیلہ سپاہ میں پیش آیا جہاں محمد سید نامی شخص کے گھر کا برآمدہ گرنے سے ایک خاتون زخمی ہوئی جس کو ریسکیو ٹیموں نے ہسپتال منتقل کر دیا۔
تحصیل جمرود اور لنڈی کوتل میں گھروں کی چھتوں اور چاردیواری کے گرنے کے اطلاعات موصول ہوئی ہیں لیکن کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔
دوسری جانب تحصیل باڑہ کے بر قمبر خیل شنکو میں غار نما گھر (گارہ) کا کمرہ گرنے سے اور اکاخیل ہی میں جانور کا برآمدہ گرنے سے کئی جانور ملبے تلے دب کر مر گئے۔