پولیس نے ضلع مہمند کے علاقے کوز گنداو میں اپنے گھر کی چھت پر بھارتی جھنڈا لہرانے اور اس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت ذیشان ولد اقبال کے نام سے ہوئی ہےجس کے خلاف تعزیراتِ پاکستان (PPC) کی دفعات 123-A اور 153-A کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم نے نہ صرف گھر پر بھارتی پرچم لہرا کر اس کی تصویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی بلکہ اس کے ساتھ ’’جے ہند‘‘ بھی تحریر کیا۔
تفتیشی حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے معائنے سے معلوم ہوا ہے کہ وہ اس سے قبل بھی پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کی حمایت اور پاکستان مخالف مواد شیئر کرتا رہا ہے۔
پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔







