خیبر پختونخوا میں 15 اگست تک مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی سامنے آئی ہےجس پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہنگامی بنیادوں پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمے کے مطابق صوبے کے بالائی اور وسطی حصوں میں شدید گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں جن سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مردان اور صوابی جیسے گنجان اضلاع کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کا حکم دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کو سڑکوں اور نکاسیِ آب کے نظام کو کلیئر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تا کہ بارش کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ تمام متعلقہ اداروں کو صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانی جاری رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، جبکہ سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ عوام کو دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے اور شدید بارش کے دوران ہائیکنگ، ٹریکنگ اور کیمپنگ سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔






