ٹوئٹر نے پاکستانی صارفین کیلئے بلیو ٹک سبسکرپشن سروس متعارف کردی

ٹوئٹر کی سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کو پاکستان میں بھی متعارف کرا دیا گیا ہے، صارفین اب ماہانہ یا سالانہ فیس کے عوض ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹِک حاصل کر سکتے ہیں۔

ٹوئٹر کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق جو صارفین اگلے ہفتے تک ٹوئٹر بلیو ٹک کی سبسکرپشن حاصل نہیں کریں گے انہیں یکم اپریل سےبلیو ٹکس کی سہولت فراہم نہیں کی جائے گی۔

پاکستان میں صارف کو 3100روپے ماہانہ یا پھر 12 فیصد رعایت کے ساتھ سالانہ 32500فیس ادا کرنے پر بلیو ٹک دی جارہی ہے۔

سبسکرپشن سروس کا حصہ بننے پر بلیو چیک مارک، طویل ویڈیوز کو پوسٹ کرنے، نئے فیچرز تک سب سے پہلے رسائی، ٹوئٹ کو ایڈٹ کرنے، 1080پکسل کی ویڈیو اپ لوڈ سمیت دیگر سہولیات دی جائیں گی.

واضح رہے کہ صارفین کے ٹوئٹر اکاؤنٹس اب تین مختلف رنگوں میں تصدیق شدہ ہیں، کمپنیوں کے لیے گولڈن چیک مارک، حکومتی عہدیداروں کے لیےگرے چیک مارک اور دیگر صارفین (مشہور شوبز شخصیات کے لیے بھی) بلیو چیک مارک متعارف کرایا گیا تھا۔