ضلع کرم میں کشیدگی برقرار،تازہ جھڑپوں میں مزید 5 افراد جاں بحق،تعداد 55 ہوگئی

ضلع کرم میں 2 مذہبی گروہوں کے درمیان تازہ جھڑپوں کے نتیجے میں مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 55 ہوگئی ہے۔

ضلع کرم میں گزشتہ 9 دنوں سے جھڑپیں جاری ہیں۔اپر کرم تری مینگل اور پیواڑ، مقبل اور کونج علیزئی، پاڑہ چمکنی اور بغاکی کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔

جھڑپوں کے دوران کل رات اپر کرم میں مزید پانچ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد تازہ جھڑپوں میں اب تک 55 افراد جاں بحق اور110 زخمی ہوگئے ہیں۔ کل رات کونج علیزئی کے گاؤں سلیم کلے کو آگ لگا دی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جھڑپوں میں قبائل ایک دوسرے کے خلاف بھاری اور خود کار ہتھیار استعمال کر رہے ہیں، جھڑپوں کے باعث علاقے میں آمدورفت کے راستے، تعلیمی ادارے، انٹرنیٹ اورموبائل فون سروس بند ہے۔

پولیس کے مطابق جرگے کی کامیاب کوششوں کے بعد شام سے صدہ، بالش خیل کے درمیان فائربندی ہو گئی جبکہ مزید 8 علاقوں میں فائر بندی کے لیے جرگہ، ضلعی انتظامیہ اور فورسز کی کوششیں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر ایک متنازع ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دونوں مذہبی گروہوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئی گئی ہیں،ویڈیو میں موجود متنازع مواد کی دونوں فریقین کی جانب سے سخت مذمت کی گئی تھی لیکن اس کے باوجود علاقے میں پُرتشدد فسادات پھوٹ پڑے۔