ٹانک میں عسکریت پسندوں کامقابلہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کیلئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) ارشد حسین نے ٹانک میں عسکریت پسندوں کے حملے کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) ارشد حسین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹانک میں پولیس جوانوں نے انتہائی جواں مردی کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کیا۔

نگران وزیراعلی نے جوانوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ان پولیس جوانوں کی بہادری دوسرے جوانوں کے لیے قابل تقلید ہے، خیبر پختونخوا پولیس نے صوبے میں امن کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پولیس کی ان قربانیوں پر فخر ہے، اس کے ساتھ ہی نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے بہادری سے شدت پسندوں کا مقابلہ کرنے والے اہلکاروں کے لیے 10 لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا۔

واضح رہے گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں عسکریت پسندوں نے پولیس ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا تھا جس میں سب انسپکٹر سمیت 3 اہلکار جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوئے تھے.