باجوڑ، ذاتی کاموں اور صفائی سے انکار پر اساتذہ نے 5 طالبات کو مبینہ طور پر اسکول سے نکال دیا

وحید اللہ
قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل نواگئی کے علاقے الف خان کلے میں سرکاری گرلز پرائمری اسکول کی دو ٹیچرز نے اپنے ذاتی کام کرنے اور اسکول کی صفائی سے انکار پر پانچ معصوم بچیوں کو مبینہ طور پر اسکول سے نکال کر ان کے سرٹیفکیٹ ان کے ہاتھ میں تھما دیے۔

الف خان کلے کے رہائشی فیاض نامی شہری نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کا گھر اسکول کے بالکل قریب ہے اور ان معصوم طالبات کو بغیر کسی جائز وجہ کے اسکول سے فارغ کیا گیا ہے۔

انہوں نے اسکول انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ پانچوں اسکول لیونگ سرٹیفکیٹس بطور ثبوت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان بچیوں کا کوئی قصور نہیں تھاانہیں صرف اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ انہوں نے استانیوں کے ذاتی کام کاج کرنے اور اسکول کی صفائی کرنے سے منع کیا تھا۔

فیاض کے مطابق اس واقعے کے بعد سے علاقے کے بچے شدید ذہنی دباؤ اور خوف کا شکار ہیں اور اس ڈر سے اسکول نہیں جا رہے کہ کہیں ان پر تشدد نہ کیا جائے۔ بچوں کے والدین بھی موجودہ صورتحال اور خوف کے ماحول کی وجہ سے اپنی بچیوں کو اسکول بھیجنے سے کترا رہے ہیں، جس سے معصوم طالبات کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔

متاثرہ بچیوں کے خاندان اور مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام اور ضلعی انتظامیہ سےمطالبہ کیا ہے کہ ان دونوںٹیچرز کے خلاف فوری طور پر سخت قانونی کارروائی کی جائے اور ان کا علاقے سے تبادلہ کیا جائے تاکہ بچے بلا خوف و خطر دوبارہ اسکول داخل ہو کر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔