ٹانک میں مبینہ کواڈ کاپٹر حملہ، خاتون اور 3 بچے زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں تھانہ ملازئی کی حدود میں واقع ایف سی قلعہ کے قریب ایک رہائشی مکان پر مبینہ کواڈ کاپٹر حملے کے نتیجے میں ایک خاتون اور تین بچے زخمی ہو گئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ رات پیش آیا جب رہائشی گھر کو نشانہ بنایا گیا۔

واقعے کے بعد مقامی لوگوں اور امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو بروقت علاج فراہم کر دیا گیا ہے اور فی الحال ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے واقعے کی تفتیش اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔