خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے تھانہ احمد زئی کی حدود برغنتو میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دو بم دھماکوں کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہو گئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او)بنوں یاسر آفریدی کے مطابق بارودی مواد کا پہلا دھماکہ مسافروں سے بھری ایک ڈاٹسن گاڑی کے قریب ہوا جس میں مقامی ہاتھی خیل قبیلے کے لوگ سوار تھے۔
ڈی پی او نے بتایاکہ دہشت گردوں نے پہلے دھماکے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے والی گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا گیا۔
جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے خلیفہ گل نواز ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔
ڈی پی او یاسر آفریدی کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق نشانہ بننے والے ہاتھی خیل قبیلے نے علاقے میں دہشت گردی کے خلاف ایک امن کمیٹی بنا رکھی ہے، جس کی وجہ سے ماضی میں بھی دہشت گردوں اور قبیلے کے مابین کئی بار مسلح جھڑپیں ہو چکی ہیں۔







