خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع لوئر اورکزئی کے علاقے میربک میں تدفین کے لیے قبر کھودنے کے دوران اچانک آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اورکزئی شوکت علی اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ دلخراش واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقامی قبیلے کے لوگ تھانہ کلایا کی حدود میں ایک مرحوم عابداللہ کی تدفین کے لیے قبر کی تیاری میں مصروف تھے کہ اچانک موسم کی شدید خرابی کے باعث ان پر اسمانی بجلی گرگئی جس کی زد میں آکر قبرستان میں موجود کئی افراد بری طرح جھلس گئے۔
واقعے کے فوری بعد آس پاس موجود مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں اور لاشوں سمیت تمام زخمیوں کو فوری طور پر کلایا اسپتال منتقل کیا۔
ضلعی انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ہسپتال ذرائع اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس ناگہانی واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں رحمان گل ولد اکاحیل (قوم آفریدی)، مراد (قوم فیروزخیل) اور سید اسلام ولد میر شاہ خان (سکنہ ضلع اورکزئی) شامل ہیں۔ دوسری جانب حادثے میں زخمی ہونے والوں میں عدنان ولد منیر، عبدالولی ولد ولی محمد، عامر خان ولد عید رحمن اور محمد یاسین ولد عبدالصمد خان شامل ہیں، جن کا تعلق قوم فیروزخیل سے ہے اور ان کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔









