خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور آندھی کی تباہ کاریاں، پی ڈی ایم اے رپورٹ جاری

خیبر پختونخوا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والی تیز آندھی، آسمانی بجلی اور طوفانی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے جس کے نتیجے میں متعدد اضلاع میں جانی و مالی نقصانات رپورٹ ہوئے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق مختلف علاقوں میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے باعث اب تک نو افراد جاں بحق اور سات زخمی ہو چکے ہیں۔

جاں بحق ہونے والوں میں پانچ مرد، دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں جبکہ تمام سات زخمیوں کا تعلق مردوں سے ہے جنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
طوفانی ہواؤں اور بارش کے باعث مجموعی طور پر چار مکانات کو شدید نقصان پہنچا، جن میں سے تین گھروں کو جزوی نقصان ہوا جبکہ ایک مکان مکمل طور پر منہدم ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق جانی و مالی نقصان کے یہ زیادہ تر واقعات دیر اپر، کوہاٹ، اورکزئی اور ڈی آئی خان کے اضلاع میں پیش آئے۔

حالات کی سنگینی کے پیش نظر ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پر متاثرین کو فوری امدادی سامان اور معاونت فراہم کرنے کی سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اس وقت پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ ادارے آپس میں قریبی رابطے میں ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ کرنے سے مکمل گریز کریں اور سرکاری اداروں کی ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کا مرکزی ایمرجنسی آپریشن سنٹر چوبیس گھنٹے فعال ہے اور شہری کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی فوری اطلاع یا موسم کی صورتحال جاننے کے لیے فری ہیلپ لائن نمبر 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔