ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج جنوبی وزیرستان شاکر اللہ مروت کو نامعلوم افراد نےاغواء کرلیا۔
زرائع کے مطابق شاکراللہ مروت ضلع ٹانک سے ڈیرہ اسماعیل جارہے تھے کہ انھیں ڈیرہ اسماعیل کی تحصیل کلاچی کے علاقے گرہ محبت میں نامعلوم مسلح افراد نے اغواء کرلیا۔
حکام کے مطابق مسلح افراد نے سیشن جج کی گاڑی کو راستے میں آگ لگادی جبکہ ان کے ڈرائیور اور گن مین وہیں پر چھوڑ دیا۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نےواقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ جج کی بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں۔
وزیراعلی ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے واقعے کو افسوس ناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر کی عدالتیں ضلع ٹانک میں قائم ہیں اور سیشن جج ٹانک میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔