وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں ورکرز فلیٹس کا افتتاح کردیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ساجد طوری نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کی بلوچستان کے حوالے سے خصوصی ہدایات ہیں، مجھے بلوچستان کے مزدوروں کے لیے چار سو آٹھ گھروں کا افتتاح کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے،
یہ بلوچستان کے محنت کشوں اور مزدوروں کے لیے بہت خوشی کا لمحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی ملک کے مزدور خوشحال ہوں تو اس کی ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا، ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہیں اور ہر ممکن کوشش کریں گے،میں صوبائی وزیر محنت بہرام خان بگٹی اور ورکرز ویلفیئر بورڈ بلوچستان کی انتھک محنت کو سراہتا ہوں، اگلے مرحلے میں راولپنڈی، ٹیکسلا اور مردان میں لیبر کالونیوں کا بھی افتتاح کیا جا رہا ہے،
پاکستان پیپلز پارٹی نے بلوچستان کے مزدوروں کے لیے چار سو گھروں کا منصوبہ شروع کیا تھا، اللہ کا شکر ہے کہ پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت میں شروع ہونے والا منصوبہ آج مکمل ہو گیا ہے، غریبوں کو گھر دینے کا وعدہ پیپلز پارٹی کا وعدہ ہے اور بلاول بھٹو زرداری نے اسے پورا کرنا ہے،
ہماری کوشش ہے کہ ہر شہری کا روٹی، کپڑا اور مکان کا مسئلہ حل ہو، چاروں صوبوں کے ورکرز ویلفیئر بورڈز کو فلیٹس و لیبرز کالونیوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری کیساتھ صوبائی وزیر محنت نوابزادہ بہرام خان بگٹی، صوبائی سیکرٹری لیبرز، سیکرٹری ورکرز ویلفئیر بورڈ و دیگر وفاقی و صوبائی افسران و لیبرز تنظیمیں بھی موجود تھے۔