سعودی عرب میں طوفانی ژالہ باری کے باعث سڑکیں بند ہوگئیں

ریاض: سعودی عرب کے علاقے خمیس مشیط اور عسیر میں طوفانی ژالہ باری کے باعث علاقے میں سڑکیں بند ہوگئیں اور گاڑیاں پھنس گئیں۔

عرب نیوز ویب سائیٹ العربیہ کے مطابق موسمیاتی تبدلیوں کے نتیجے میں خمیس مشیط اور عسیر میں طوفانی ژالہ باری کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔

شدید ژالہ باری کے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے مناظر میں ایسا لگ رہا ہے کہ علاقے میں شدید برف باری ہوئی ہے جسے ہٹانےکے لیے مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

خمیس مشیط میں ہونے والی ژالہ باری سے جہاں مقامی شہری اور سیاح لطف اندوز ہوئے وہیں شہری اس قدر خوفناک ژالہ باری پرحیران ہیں۔ علاقے میں ہونے والی ژالہ باری کی تہہ لگ گئی جس سے برف باری کا گمان گذرنے لگا۔

ژالہ باری کے نتیجے میں خمیس مشیط میں جمع ہونے والے اولوں کی وجہ سے گاڑیاں پھنس گئیں،سڑکیں کھولنے کے لیے انتظامیہ کو بلڈزور مشینیں لانا پڑیں۔

سعودی نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے سی ای او ڈاکٹر ایمن غلام نے ہدایت کی کہ طائف میں 28 رمضان المبارک اور خمیس مشیط میں 29 شوال کو شدید ژالہ باری کے موسمیاتی اسباب کا مطالعہ کیا جائے۔

محکمہ موسمیات کے قومی مرکز نے ٹویٹر پر طائف اور خمیس مشیط سے ہونے والے ژالہ باری کی ویڈیوز بھی نشرکیں جبکہ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے موسمی ریڈار نے گرج چمک کے ساتھ بارشوں میں اضافے کی پیش گوئی کی تھی۔