خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے ممتاز سیاستدان، سابق سینیٹر اور سابق نگران صوبائی وزیر تاج محمد آفریدی کی نمازِ جنازہ جمرود کے علاقے شاہ کس میں ادا کر دی گئی جس کے بعد انہیں آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔
نمازِ جنازہ میں سابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین، قبائلی عمائدین، سرکاری حکام اور مقامی لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز موٹروے ایم ون (M-1) پر صوابی کے قریب کرنل شیر خان انٹرچینج کے پاس ایک ہولناک حادثے میں سابق سینیٹر تاج محمد آفریدی جاں بحق ہو گئے تھے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی معلومات کے مطابق سابق سینیٹر تاج آفریدی اسلام آباد سے پشاور جا رہے تھے کہ کرنل شیر خان انٹرچینج کے قریب ان کی گاڑی کو شدید حادثہ پیش آیا۔
حادثہ اتنا ہولناک تھا کہ سینیٹر تاج آفریدی موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ ان کا ڈرائیور خوش قسمتی سے معمولی زخمی ہوا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔







