خیبرپختونخوا میں بارشوں نے تباہی مچادی،9 جاں بحق،7 زخمی ہوگئے

خیبر پختونخوا میں تباہ کن بارشوں کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثات میں9 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے ہیں.

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم )کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 9 افراد جاں بحق ہو گئے، ان میں سے دو افراد سوات، دو بٹگرام، مانسہرہ میں چار اور بونیر میں ایک شخص جان سے گیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا کہ بارش کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثات میں کم ازکم 7 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سوات اور ببٹگرام میں تین، تین جبکہ مانسہرہ میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مختلف واقعات میں 9 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ 67 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا، ایک اسکول کی عمارت کو جزوی طور پر نقصان پہنچا جبکہ 47 مویشی ہلاک ہو گئے۔

محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ لوئر اور اپر چترال کے ڈپٹی کمشنرز نے ایمرجنسی نافذ کرنے کی درخواست کی تھی تاکہ وہ فوری ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں شروع کر سکیں لہٰذا صوبائی حکومت نے فوری طور پر دونوں اضلاع میں رین ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایمرجنسی کا نفاذ 15 اگست تک ہوگا تاکہ امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تباہ شدہ مواصلاتی نیٹ ورک اور پانی کی فراہمی کی مکمل بحالی ہوسکے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لوئر چترال میں 5 مقامات پر ’روڈ کلیئرنس‘ کی سرگرمیاں جاری ہیں جو سیلاب کی وجہ سے کل سے بند ہیں۔

دریائے چترال میں انتہائی اونچے سیلاب اور لوئر چترال میں ہونے والی تباہی کا حوالہ دیتے ہوئے پی ڈی ایم اے نے کہا کہ غیر محفوظ آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے اور انہیں کھانے پینے کی اشیا بھی فراہم کی گئی ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ لوئر اور اپر چترال میں متاثرین کے لیے خوراک کے علاوہ دیگر ضروری اشیا بھی روانہ کر دی گئی ہیں، اپر چترال میں نقصانات کی تفصیلات بتاتے ہوئے پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ مختلف مقامات پر واٹر سپلائی کی 8 اسکیموں کو نقصان پہنچا۔