مردان،ساس نےدوران خریداری فائرنگ کرکے بہو کوقتل کردیا

مردان میں ساس نےبازار میں خریداری کے دوران اپنی بہو کو گولی مار کر قتل کر دیا۔

تخت بائی تھانے کے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ گولی چلانے والی 40 سالہ خاتون کی شناخت زیتون کے نام سے ہوئی جو اپنی 25 سالہ بہو کائنات کے ساتھ مقامی بازار میں خریداری کر رہی تھی۔

حکام نے بتایا کہ دونوں خواتین خریداری میں مصروف تھیں کہ اچانک خاتون نے پستول نکالا اور اپنی بہو کے سر میں گولی مار دی۔

ساس زیتون قتل کے ارتکاب کے بعد تھانے گئی اور قتل میں استعمال ہونے والی پستول سمیت خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے مقتولہ کے بھائی سلیم خان کی شکایت پر ایف آئی آر درج کر کے کیس کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ شکایت کنندہ نے قتل کا محرک کسی خاندانی تنازع کو قرار دیا ہے۔