کرم: بگن بازار میں کباڑ کی دکان میں دھماکہ، بچے سمیت 2 افراد زخمی

کرم کی تحصیل علیزئی میں ایک دکان کے اندر بارودی مواد پھٹنے سے بچے سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ بگن بازار میں اس وقت پیش آیا جب وہاں واقع ایک کباڑ (اسکریپ) کی دکان میں موجود بارودی مواد اچانک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں دکان میں موجود دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 14 سالہ نو عمر محمد اور 70 سالہ بزرگ اسلام گل شامل ہیں۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں اور امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو دکان سے نکالا اور فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ کباڑ کی دکان میں بارودی مواد کی موجودگی کی وجوہات اور دھماکے کی نوعیت سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔