اٹلی میں تارکین وطن کی کشتی کو پیش آنے والے حادثے میں پاکستان کی ویمن ہاکی اور فٹبال پلیئر شاہدہ رضا بھی جاں بحق ہوئیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے شاہدہ رضا کی کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
کوئٹہ کی ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ شاہدہ رضا سہان ترکی سے اٹلی جانے والی کشتی میں سوار تھیں، یہ کشتی کروٹون کے علاقے میں لنگر انداز ہوتے وقت سمندری پہاڑ سے ٹکرا کر ٹوٹ گئی تھی جس کے سبب 200 سے زائد تارکین وطن ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔
کھیلوں کے حلقہ میں چنٹو کے نام سے معروف شاہدہ رضا پاکستان ویمن ہاکی ٹیم کی اہم رکن رہیں جبکہ انہوں نے پاکستان ریلویز کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل ہاکی بھی کھیلی۔شاہدہ رضا فٹبال کی بھی بہترین کھلاڑی تھیں اور ویمن فٹبال میں بلوچستان یونائیٹیڈ کی نمائندگی کرتی رہیں، شاہدہ رضا ایک شیر خوار بچی کی ماں بھی تھیں، تاہم حادثہ میں ان کی بیٹی ہمراہ نہیں تھی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد کھوکھر، سیکریٹری جنرل سید حیدر حسین، پی ایچ ایف ویمن ونگ کی سیدہ شہلا رضا، تنزیلہ عامر چیمہ ودیگر نے شاہدہ رضا کی المناک موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔