نئی دہلی :بھارتی ریاست کیرالہ میں سیاحوں کی کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک ہو گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ اتوار کو رات گئے کیرالہ کے ضلع ملاپُرم کے ساحلی علاقے تنر میں پیش آیا جہاں ریسکیو آپریشن کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود اب بھی جاری ہے۔
رات بھر درجنوں افراد آدھی ڈوبی ہوئی اس کشتی کے اندر اور اطراف میں ڈوبنے والوں کو بچانے کی آس میں مسلسل انہیں تلاش کرتے رہے، کچھ لوگوں نے رسیوں کی مدد سے اسے سنبھالا دینے کی بھی کوشش کی بقیہ لوگ پانی میں اتر کر کھڑکیوں سے کشتی کے اندر جھانک کر ڈوبنے والوں کو تلاش کرتے رہے۔
تنُر پولیس اسٹیشن کے ایک افسر نے بتایاکہ ہم نے اب تک 15 خواتین سمیت 22 لاشیں نکال لی ہیں، چھ افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشتی میں کُل 30 افراد سوار تھے۔
مقامی اخبار اونمانوراما کے مطابق اس واقعے میں مرنے والوں میں تین بچوں سمیت ایک ہی خاندان 11 افراد بھی شامل ہیں۔
ریاست کے کھیلوں اور فشریز کے وزیر وی عبدالرحمٰن نے کہا کہ مرنے والوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے جو اسکول کی چھٹیاں منانے کے لیے آئے ہوئے تھے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق عبدالرحمٰن نے کہا کہ چار افراد کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حادثے میں بچ جانے والوں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ کشتی میں سوار افراد میں سے اکثریت نے لائف جیکٹس نہیں پہنی ہوئی تھیں۔
ابھی تک کشتی الٹنے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی۔