اسلام آباد: قائداعظم یونیورسٹی میں دو طلباء تنظیموں میں تصادم کے باعث انتظامیہ نے یونیورسٹی کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا گیا۔
یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر راجا قیصر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جامعہ میں کشیدہ حالات کے باعث جامعہ کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا گیا ہے۔
نیوٹیفکیشن میں ہاسٹلز میں رہائش پذیر طلباء و طالبات کو فوری ہاسٹلز خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس سے قبل قائد اعظم یونیورسٹی کے مین ہٹس پر دو گروپوں کے درمیان لڑائی ہوئی جس میں 7/8 طالبعلم زخمی ہوگئے تھے، لڑائی کے دوران دونوں جانب سے طلبا نے ایک دوسرے پر ڈنڈوں، لوہے کے راڈز اور پتھروں کا آزادانہ استعمال کیا۔
جھگڑے کے دوران یونیورسٹی کی ایمبولینس کے شیشے بھی توڑ دئیے گئے جبکہ مین ہٹس پر بھی توڑ پھوڑ کی گئی، بعد ازاں دونوں کونسلز کے طلباء ہاسٹلز کی جانب چلے گئے جہاں لڑائی کا سلسلہ جاری رہا۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے ایس ایچ او سیکرٹریٹ اور ڈی ایس پی سیکرٹریٹ کو حالات پر قابو پانے کیلئے طلب کیا جس کے بعد جامعہ کی حدود سے باہر ہٹس بند کرادیے گئے تاہم یونیورسٹی کی اندرونی حدود میں طلباء ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوتے رہے۔