باجوڑ میں دھماکہ، 5 پولیس اہلکار جاں بحق

باجوڑ کی تحصیل ماموند میں پولیس ٹرک کے قریب بم دھماکے میں 5 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔

پولیس نے بتایا کہ تحصیل ماموند کے علاقے بیلوٹ فرش کے مقام پر انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کے ٹرک کو بم سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں اور لاشوں کو خار ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

دھماکے کے بعد خار کے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کا اندازہ نہیں ہو سکا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کی تحصیل لوئر کرم کے علاقے پارا چنار میں نامعلوم افراد نے مسافر گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس سے خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق جب کہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے تھے۔