سی ڈی اے قوانین کی خلاف ورزی،بیرسٹر سیف کے وارنٹ گرفتاری جاری

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے قوانین کی خلاف ورزی پر طلبی کے باوجود حاضر نہ ہونے پرخیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف کے وارنٹ گرفتاری کردیئے گئے ہیں۔

وارنٹ گرفتاری اسلام آباد کے سینیئر اسپیشل مجسٹریٹ سردار محمد آصف نے جاری کیے ہیں۔وارنٹ گرفتاری ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو کو ارسال کردیے گئے ہیں۔ عدالت نے اسلام آباد پولیس کو حکم دیا ہے کہ بیرسٹر سیف کو 11 جنوری کو گرفتار کرکے پیش کرے۔

سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ محمد علی سیف نے سی ڈی اے کے زون 3 نیشنل پارک ایریا پر تعمیرات کیں۔ ترجمان خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف مارگلہ کی پہاڑیوں پر قدرتی حسن تباہ کرنے پر 2018ءسے مقدمہ زیر سماعت ہے۔

ان کے خلاف لینڈ اسکیپ آرڈیننس، انوائرمنٹل ریگولیشن 2008ءاورایم ایل آر 82 کے تحت مقدمہ درج ہے۔ بیرسٹر سیف پر شاہدرہ میں ملکیتی زمین پر ٹریکٹر بلیڈ لگا کر زمین ہموار کرنے کا بھی الزام ہے۔