جنوبی وزیرستان،سراروغہ میں خانہ بدوش خیمے پر مارٹر گرنے سے 2 خواتین اور ایک بچی جاں‌بحق،5 افراد زخمی ہوگئے

جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سراروغہ میں کھلے آسمان تلے زمینوں میں مقیم کوچی (پیوندہ) برادری کے ایک خیمے پر مبینہ مارٹر گولہ گرنے سے دو خواتین اور ایک معصوم بچی جاں بحق جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ احمد وام کے علاقے اس وقت پیش آیا جب خانہ بدوش کوچی خاندان اپنے عارضی کیمپ میں موجود تھا۔ مارٹر گولہ اچانک کیمپ پر آ گرا جس کے نتیجے میں وہاں موجود خاندان اس کا نشانہ بن گیا.

واقعے میں دو خواتین اور ایک بچی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے. زخمیوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔

واقعے کے فوری بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں اور تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز تحصیل شوال میں بھی گھر پر مارٹر گولہ گرنے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوئی تھی۔